لاہور : پنجاب میں ایک مرتبہ پھر آٹا مہنگا کردیا گیا، چکی مالکان کا کہنا ہے گندم کے نرخوں میں اضافے کے باعث آٹے کی قیمت اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نان بائیوں کے بعد اب آٹا چکی ایسوسی ایشن نے بھی آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کردیا ہے، گندم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چکی مالکان نے 10 کلو گرام کی بوری قیمت میں بے تحاشا اضافہ کردیا۔
چکی مالکان نے گزشتہ ایک ہفتے میں آٹے کی قیمت میں5روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے، چکی ایسوسی ایشن نے آٹا کل سے70روپے کلو فروخت کرنے کا اعلان کردیا، پہلے65سے68روپے اور کل سے 2روپے مزید بڑھا دیے گئے۔
آٹاچکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت2300روپے فی من ہوگئی ہے، فائن آٹے کی بوری6500روپے ہوگئی ہے۔
آٹا بحران کی وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے: فیاض الحسن چوہان
واضح رہے کہ گزشچتہ دنوں پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سندھ حکومت کے نکمے پن کی وجہ سے سندھ کو آٹا بحران کا سامنا کرنا پڑا، بحران سندھ میں ہے اور وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے، پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ ٹن گندم پاسکو نے دی تھی انہوں نے ایک لاکھ ٹن ریلیز کروائی، سندھ میں پری پلان ذخیرہ اندوزی سے مصنوعی بحران کی کوشش کی گئی۔ دادو میں سرکاری گودام میں 1 لاکھ 94 ہزار بوریاں موجود تھیں۔ اب وہاں صرف 12 ہزار بوریاں رہ گئیں۔