اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

آٹا فروشوں کی گرفتاریوں پر ہول سیل تاجروں کی ہڑتال

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (15 جولائی 2026): آٹے کی قیمتوں پر تنازع شدت اختیار کر گیا، تاجروں نے آج ہڑتال کی کال دیتے ہوئے جوڑیا بازار سمیت شہر کی بڑی اجناس مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں آٹا فروشوں کی مبینہ گرفتاریوں اور جرمانوں کے خلاف ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے، ایسوسی ایشن کے رہنما عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق آٹے کی قیمتوں پر دکان داروں کی گرفتاریاں، جرمانے قابل قبول نہیں، کسی بھی دکاندار کو تحریری چالان نہیں دیا گیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں آٹے کی قیمتوں پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، انتظامیہ کی کارروائیوں کے خلاف اور آٹا نرخ کے تنازع پر آج جوڑیا بازار، لی مارکیٹ، ڈانڈیا بازار، نانک واڑہ بازار بند رہیں گے،لانڈھی، ملیر، کورنگی اور لیاقت آباد کی ہول سیل اجناس مارکیٹیں بھی بند رہیں گی۔

کمشنر کراچی نے ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 122 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم فلور ملز سے مذاکرات کے بعد ایکس مل قیمت 125 روپے فی کلو طے کی گئی۔ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کا موٴقف ہے کہ 125 روپے میں خرید کر 122 روپے میں آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں ہے۔


مہنگی ایل پی جی اور بحران کا اصل ذمہ دار اوگرا حکام؟


ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ کے نام پر ہول سیل مارکیٹوں میں چھاپے، جرمانے، دکانیں سیل اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، جب کہ مہنگا آٹا فروخت کرنے والی فلور ملز کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔

انھوں نے کہا آج انتظامیہ کی کارروائیوں کے خلاف جوڑیا بازار، لانڈھی، ملیر، کورنگی اور لیاقت آباد کی ہول سیل اجناس مارکیٹیں بند رہیں گی، جس سے کراچی سمیت ملک بھر میں اجناس کی سپلائی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

آٹے کے نرخ پر انتظامیہ، فلور ملز اور تاجروں کے درمیان اختلاف برقرار ہے، جب کہ مہنگائی کے اس تنازع کا براہِ راست بوجھ ایک بار پھر عام شہری کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں