دبئی: فلائی دبئی کی جانب سے 6 نئے انٹرنیشنل روٹس کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلائی دبئی نے آئندہ سال 2023 سے چھ نئے انٹرنیشنل روٹس کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق فلائی دبئی کی جانب سے اٹلی میں میلان اور کلیاری، یونان میں کورفو اور تھائی لینڈ کے شہروں کرابی اور پتایا کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔
الامارات الیوم کے مطابق ان تمام ایئر پورٹس کے لیے بکنگ 4 نومبر سے شروع کر دی گئی ہے۔
ایگزیکٹو چیئرمین فلائی دبئی غیث الغیث کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں فخر ہے کہ کمپنی ماضی کے مقابلے میں ان دنوں زیادہ تیزی سے اپنی پروازوں کے نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے، اور وبائی بحران سے نمٹنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔‘‘
24 نومبر 2022 سے سعودی عرب کے الھفوف ایئر پورٹ کے لیے بھی پروازیں بحال کی جا رہی ہیں۔
فلائی دبئی کے مطابق 2022 کے آغاز سے 20 سے زیادہ نئی پروازیں شروع کی گئی ہیں، ان میں اٹلی، کرغیزستان اور ازبکستان کے ایئر پورٹس کے لیے بھی پروازیں شامل ہیں، کمپنی 53 ملکوں کے 113 ایئر پورٹس کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔