لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ کام یاب دورۂ برطانیہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے، ہیتھرو ائیر پورٹ پر نفیس زکریا اور سفارت خانے کے حکام نے الوداع کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خاجہ شاہ محمود وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں، وہ دو روزہ دورے پر برطانیہ گئے تھے جو نہایت کا یاب رہا۔
شاہ محمود نے برطانوی ہم منصب کی دعوت پر دولت مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، وزیر خارجہ نے آزادیٔ اظہار رائے پر منعقدہ سیمینار میں بھی شرکت کی۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کی تصویری نمایش میں شرکت کی اور لندن میں کامن ویلتھ کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ کی شہزادہ چارلس، سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ اور وزیر خارجہ کینیڈا سے ملاقات
وزیر خارجہ نے اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، آج وطن روانگی سے قبل انھوں نے برطانوی شہزادہ چارلس سے بھی ملاقات کی۔
شاہ محمود قریشی نے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور منعقدہ تقریب سے خطاب کیا، وہ میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کا مؤقف کھل کر اور بہترین انداز میں پیش کرتے رہے۔
خیال رہے کہ برطانوی شہزادہ چارلس نے ملاقات میں کہا تھا کہ ان کی دورۂ پاکستان کی ابھی تک یادیں تازہ ہیں، وہ دوبارہ دورۂ پاکستان کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر شہزادہ چارلس نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔