تازہ ترین

سفیر کشمیر عمران خان 27 ستمبر کو کشمیر کا مؤقف دنیا کے سامنے پیش کریں گے: شاہ محمود

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سفیر کشمیر عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ میں مظلوم کشمیریوں کا مؤقف دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ 54 سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے اجلاس میں آیا، جنیوا میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھا کر بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب کرایا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے 41 دن ہو چکے ہیں، بھارتی فوج نے محرم الحرام میں امام بارگاہ پر حملہ کیا، بھارتی فوج نوجوان بچوں کو گھروں سے اٹھا کر تشدد کر رہی ہے، بچے جب تشدد سے بے ہوش ہو جاتے ہیں تو انھیں کرنٹ لگایا جاتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر یک جہتی کرنے والے تمام افراد کا شکر گزار ہوں، دنیا کے مختلف ممالک میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہو رہی ہے، ماضی میں مسئلہ کشمیر ایسے نہیں اٹھایا گیا جیسا ہم نے اٹھایا۔

انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرنا چاہیے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بات ہو رہی تھی تو اپوزیشن کو چاہیے تھا کشمیر پر ہمارا ساتھ دیتے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی اقدامات پر شدید تنقید کر رہی ہیں، بھارت پر عالمی دباؤ کو مزید بڑھانے کی کوشش کریں گے، مقبوضہ کشمیرمیں نئی نسل بھی بھارت کے خلاف کھڑی ہو گئی ہے۔

دریں اثنا، وزیر خارجہ نے ملتان کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں سیوریج کے نظام کی بہتری کے لیے منصوبے شروع کر رہے ہیں، سیوریج کا نظام ٹھیک کرنے اور سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا، ملتان میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی آج رکھ رہا ہوں۔

Comments

- Advertisement -