The news is by your side.

Advertisement

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے

انقرہ : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے، دورہ ء ترکی کے دوران شاہ محمود قریشی کی ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے، استنبول ہوائی اڈے پر ڈپٹی گورنر استنبول کمال عنان، ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائیرس قاضی اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ ترک ہم منصب میولوت چاوش اوغلو سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، معاشی، تہذیبی و دفاعی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ کے دورہ ء ترکی کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان سے بھی ملاقات متوقع ہے جبکہ شاہ محمود قریشی ترکی میں منعقدہ سہ فریقی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، اس اجلاس میں افغان امن عمل اور امریکہ کی افغانستان سے افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہو گی۔

دورے کے دوران وزیر خارجہ ترکی میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے بات چیت کریں گے، جس میں پاک ترک تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، مغرب میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ شکنی سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں