اسلام آباد : روسی وزیرخارجہ نے شاہ محمود قریشی کو کورونا ویکسین اسپٹنک کی 5 ملین ڈوزز کی جلد فراہمی کی یقین دہانی کرادی، وزیرخارجہ نے کہا پاکستان اور روس سےتعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا روس کےوزیرخارجہ سرگئی لارؤف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، جس میں دونوں نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور روس سےتعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، وقت کیساتھ کیساتھ دو طرفہ تعلقات میں وسعت خوش آئندہے ، پاکستان، روس سےکثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روسی وزیرخارجہ کے دورہ سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے اور اہم علاقائی،عالمی امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا، پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر دستخط انتہائی مثبت پیشرفت ہے۔
انھوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون کیلئے منصوبے کے جلد آغاز کے متمنی ہیں اور روس کے چاول کی درآمد پرعائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے پر بھی اتفاق کیا ، اس موقع پر وزیر خارجہ نے کوروناپھیلاؤ روکنے کیلئے معاونت پر روسی وزیر خارجہ کاشکریہ ادا کیا جبکہ روسی وزیرخارجہ نے اسپٹنک کی 5 ملین ڈوزز کی جلد فراہمی کیلئے یقین دہانی کرادی۔