تازہ ترین

وزیر خارجہ جاپان کا 3 روزہ دورہ مکمل کر کے آج رات چین روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جاپان کا 3 روزہ دورہ مکمل کر کے آج رات چین روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورہ جاپان کی تکمیل پر آج رات ہی چین کے دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی چین کے وزیر خارجہ کی خصوصی دعوت پر بیجنگ جائیں گے، کل بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

وزرائے خارجہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا، شاہ محمود قریشی وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران ہم راہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 25 سے 28 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے، یہ وزیر اعظم کا دوسرا دورہ چین ہے، وزیر اعظم چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان 25 سے 28 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے

چین میں وزیر اعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے، دورہ چین کے دوران باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے، وزیراعظم عالمی ہارٹی کلچر نمائش میں بھی شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی 20 اپریل کو تین روزہ سرکاری دورے پر جاپان گئے تھے، ان کا چین کا دورہ چار روز پر مشتمل ہوگا۔

Comments