اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ انگریزی اخبار کے صحافی سرل المیڈا کی خبر مفروضے پرمبنی ہے، دہشتگردی کا ناسورختم کرنے کے لئے تمام ادارے ایک پیج پرہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ سرل المیڈا نے خود اپنی خبر میں اعتراف کیا ہے کہ خبر مفروضے پرمبنی ہے، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے تمام ادارے ایک پیج پرہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیک بھارت کے کئی جھوٹ میں سے ایک ہے، بھارتی ڈرامہ بے نقاب ہوچکا ہے، اس جھوٹ کا مقصد مقبوضہ کشمیرسے توجہ ہٹانا تھا، بھارتی میڈیا نے کئی رپورٹس حقائق کے برعکس چلائیں، پاکستانی میڈیا نے حقائق دکھا کر بھارتی میڈیا کو ایکسپوز کیا، پاکستانی میڈیا ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھارت گھبرا گیا ہے، اقوام متحدہ مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے سے روکا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں : تحقیقات ہونے تک صحافی کا نام ای سی ایل میں رہے گا، وزارت داخلہ
ترجمان نے کہا کہ پاکستان سفارتی سطح پر کوشیشں جاری رکھے ہوئے ہے، یہ کہنا کہ پاکستان کے بین القوامی تنہائی کے شکار ہونا پروپیگینڈا ہے۔پاکستان سفارتی سطح پراکیلا نہیں، تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں۔
واضح رہے کہ خبر شائع ہوتے ہی حکومت نے صحافی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا تھا ، وزارت داخلہ تحقیقات مکمل ہونے تک ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے سے انکار کرچکی ہے تاہم اس متنازعہ خبر کو قومی سلامتی کا مسئلہ بھی قرار دیا گیا ہے۔