بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

حرم شریف کے صحن میں زائرین کو دھوپ سے بچانے والی چھتریوں میں فنی خرابی

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: مکہ مکرمہ میں زائرین و نمازیوں کو دھوپ سے بچانے کے لیے لگائی جانے والی چھتریوں کی تنصیب کا کام مؤخر کردیا گیا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کا کام مؤخر کر دیا گیا ہے، موصول ہونے والی فولڈنگ چھتری کے نمونے میں فنی خرابی کا انکشاف ہوا تھا۔

ان فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کا مقصد موسم گرما میں نمازیوں کو آرام پہنچانا ہے خاص کر ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران جب وہاں بے پناہ رش ہوتا ہے۔

ماہ رمضان المبارک اور حج سیزن میں جب حرم شریف میں بیک وقت لاکھوں افراد موجود ہوتے ہیں تب حرم شریف کے اندرونی صحنوں میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے لوگ بیرونی صحنوں میں نماز ادا کرتے ہیں۔

زائرین کی سہولت کے لیے انتظامیہ نے جامع منصوبے کے تحت حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں بڑی بڑی فولڈنگ چھتریاں نصب کرنے کے لیے غیر ملکی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا۔

کمپنی پابند تھی کہ وہ خصوصی طور پر تیار کی جانے والی ہائیڈرولک چھتریوں کی تنصیب سے قبل ان کا نمونہ انتظامیہ کو فراہم کرے تاکہ چھتریوں کے معیار کو دیکھ کر ان کی تنصیب کا آغاز کیا جاسکے۔

تاہم کنٹریکٹنگ کمپنی کی جانب سے موصول ہونے والے نمونے کو جب ٹیسٹ کیا گیا تو اس میں متعدد فنی خرابیوں کا انکشاف ہوا جس کے بارے میں متعلقہ کمپنی کو مطلع کر دیا گیا۔

دوسری جانب حرم شریف کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صحن مطاف میں بڑی فولڈنگ چھتری کی تنصیب کے لیے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر مختلف منصوبوں کے تخیلاتی ماڈلز وائرل ہورہے ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔

واضح رہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے باہر صحنوں میں بھی 250 فولڈنگ چھتریاں نصب ہیں، ہر چھتری کی اونچائی 15.3 میٹر ہے۔ ایک چھتری کا وزن 40 ٹن کے قریب ہے۔ ان چھتریوں کے نیچے بیک وقت 2 لاکھ 28 ہزار افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں