اسلام آباد: حساس ڈیٹا لیک ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کو طلب کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین ایس ای سی پی کی ملاقات جاری ہے، چیئرمین ایس ای سی پی ڈیٹا لیک انکوائری سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں وزراء نے ایس ای سی پی کا ڈیٹا لیک ہونے کا معاملہ اٹھایا تھا، وزراء نے وزیر اعظم کو ڈیٹا لیک انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا مشورہ دیا۔
ایس ای سی پی نے الزامات کی تردید کردی
خیال رہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے ریکارڈ کی ترمیم اور چھیڑ چھاڑ کے حوالے سے عائد ہونے والے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر ڈیٹا کی تبدیلی کے حوالے سے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر مواد کی تبدیلی کے دعوے من گھڑت ہیں، کمیشن کی ویب سائٹ پر محدود نوعیت کی معلومات جاری کی جاتی ہے۔