بارسلونا: روما کیخلاف دوستانہ میچ کے دوران بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لائنل میسی نے فرانسیسی کھلاڑی زیڈان کی ٹکر کی یاد تازہ کردی۔
شائقین نے دنیا کے نامور کھلاڑی میسی کا دوسرا روپ بھی دیکھ لیا، میسی صرف گول کرنے میں ہی مہارت نہیں رکھتے بلکہ کھلاڑیوں پر جھپٹنے میں بھی بازی لے گئے، نو کیمپ میں کھیلے جانے والے میچ میں بارسلونا اور روما کے کھلاڑی آپس میں بھڑ پڑے۔
میسی اپنے غصے پر قابو نہ رکھ پائے، آگے بڑھے پہلے حریف کھلاڑی کو ٹکر ماری پھر اس کا گلا بھی دبانے کی کوشش کی، ماحول میں کشیدگی آئی تو پھر امپائرز کو بیچ بچاؤ کرانا پڑا۔
واضح رہے کہ فٹبال میں اس طرح کے واقعات کوئی نئی بات نہیں، ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات رونما ہوچکے ہیں، میسی کی ٹکر نے فرانس کے سابق کپتان زیناڈین زیڈان کی ٹکر کی یاد دلا دی، زیڈان نے بھی میچ کے دوران ایک کھلاڑی کو ٹکر ماری تھی، جو ناقابل فراموش بن گئی ۔