فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے لیے عالمی طبی ماہرین کی ٹیم میں پاکستانی ڈاکٹرز بھی شامل کر دیے گئے، جو پاکستان کے لیے صحت کے شعبے میں بڑا عالمی اعزاز ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر خرم اکرم گھمن، ڈاکٹر اکرام، اور ڈاکٹر عابد کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے عالمی طبی ماہرین کی ٹیم میں شامل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وبائی ماہرین قطر فٹبال ورلڈ کپ کے دوران خدمات انجام دیں گے، اور قطری وزارت صحت کے ساتھ ملک کر کام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ڈاکٹر قطر میں وبائی امراض کی سرویلنس اور ڈیٹا تیار کریں گے، اور ایونٹ کے دوران وبائی امراض کے سد باب کے لیے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ قطر کی وزارت صحت نے انسداد وبائی ماہرین کے لیے پاکستان سے درخواست کی تھی۔
خیال رہے کہ نومبر میں شروع ہونے والا فٹ بال 2022 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ مشرق وسطیٰ میں ہونے والا پہلا ورلڈ کپ ہے۔