لاس اینجلس: امریکا کے بزنس میگزین فوربس نے سالانہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 100 ایتھلیٹس کی رینکنگ جاری کردی، امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر 375 ملین ڈالر آمدنی کے ساتھ سرفہرست رہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی باکسر مے ویدر یکم جون 2017 سے یکم جون 2018 تک کے دوران 375 ملین ڈالر کے ساتھ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹس قرار پائے۔
فوربز میگزین کی سالانہ رینکنگ میں پہلی بار کوئی خاتون کھلاڑی شامل نہیں ہے، ارجنٹینا کے معروف فٹبالر لیونل میسی 146 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو 142 ملین ڈالر کمال کر تیسرے نمبر پر پر رہے۔
امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز گزشتہ سال فوربز لسٹ میں 51 نمبر پر موجود تھیں، انہوں نے سالانہ 27 ملین ڈالر کمائے تھے تاہم امسال رینکنگ میں موجود نہ ہونے کی وجہ ان کی بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے کھیل سے دوری بتائی جارہی ہے۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ابتدائی دس ایتھلیٹس میں برازیلین فٹبالر نیمار، ٹینس اسٹار راجر فیڈرر، باسکٹ بال کے اسٹار لیبرون جیمز، اسٹیون کیوری، این ایف ایل کے ریان اور میتھیو اسٹیفورڈ بھی شامل ہیں۔
کرکٹ کی بات کی جائے تو ویرات کوہلی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی لسٹ میں شامل نہیں، کوہلی 31.5 ملین ڈالر سالانہ کما کر 83 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
رواں سال آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والا کوئی ایتھلیٹس اس فہرست میں جگہ نہیں بنا سکا، فوربز کی رپورٹ کے مطابق فہرست میں 22 ممالک کے ایتھلیٹس شامل ہیں۔
گالف سپر اسٹار ٹائیگر ووڈ گزشتہ پانچ سال سے کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت سکے، علاوہ ازیں برطانیہ کے فارمولا ون ورلڈ چیمپئن لیوس ہیملٹن 12 ویں نمبر پر رہے انہوں نے سالانہ 51 ملین ڈالرز کمائے ہیں۔