کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 20 کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کی رپورٹ جمعرات کو جاری کی جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 20 کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز کے ذخائر کم ہوگئے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک سے تیس کروڑ ڈالر موصول ہوئے، بیرونی ادائیگیوں کے بعد مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر کی مالیت 12 ارب 15 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔
اسٹیٹ بینک نے 58 کروڑ ڈالر بیرونی قرضوں کی مد میں ادا کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 19 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں، اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کو ملا کر ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر 19 ارب 53 کروڑ ڈالر ہو گئے
یاد رہے کہ دو اکتوبر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر آؤٹ فلو کے بعد 19 ارب 53 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔
بتایا گیا تھا کہ مرکزی بینک کے پاس 12 ارب 35 کروڑ ڈالر ہیں، جب کہ دیگر بینکوں کے پاس 7 ارب 17 کروڑ ڈالر زر مبادلہ کے ذخائر موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر میں ساکرا اکاؤنٹس سے 2 کروڑ 83 لاکھ ڈالر آؤٹ فلو ہوا، جب کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ساکرا سے آؤٹ فلو کاحجم 16 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔