دبئی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی آئی ایم ایف چیف کرسٹین لگارڈ سے ملاقات مفید رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوشی ہے ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں مطابقت پائی جاتی ہے، عنقریب ایسا پروگرام لائیں گے جس سے کم آمدن والے طبقات کا تحفظ ہو۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف چیف سے بنیادی اصولوں پر پیش رفت ہوئی ہے جلد مزید تکنیکی تفصیلات طے ہوں گی، پروگرام میں ہونے والی کامیاب مفاہمت کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹین لگارڈ کی ملاقات
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لگارڈ نے ملاقات کی تھی جس میں آئی ایم ایف کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا گیا۔
عالمی مالیاتی ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لگارڈ نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
کرسٹین لگارڈ نے کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے معاشی اقدامات بہتری کے لیے ہیں، آئی ایم ایف پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔