اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج بھارت میں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر آواز اُٹھ رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں مسلح جدوجہد نہیں، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں مجھے کشمیری مطمئن دکھائی دے رہے ہیں، مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیری موجود ہیں، برطانوی پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی تائید کی، کل مسئلہ کشمیر پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم کہتے تھے کشمیر میں ظلم ہورہا ہے، ہماری بات نہیں سنی جاتی تھی، اب بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ آچکی ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے بعد ہماری بات کو سنا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان میں احتجاج ہوتا تھا، اب کئی ملکوں میں ہوا، اس بار لندن، یورپ میں بھارتی رویے کے خلاف احتجاج ہورہا ہے، کشمیریوں کے لیے احتجاج برسلز، ایتھنز، دوشنبے، کابل میں ہورہا ہے، بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوتا جارہا ہے، دنیا اب پاکستان کے موقف کو تسلیم کررہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں گے تو خطے میں امن ہوگا، پاکستان بھارت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن بھارت بھاگ جاتا ہے، بھارت کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہئے، دنیا کہہ رہی ہے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت بیٹھ کر بات کریں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر بنیادی مسئلہ ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بڑی تیزی سے بگڑ رہی ہے، قربانیاں دینے والے کشمیری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔