اسلام آباد : پاکستان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہلاکتوں کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام فوری طور پر بند کرے۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تصدیق کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں کا قتل عام غیر منصفانہ ہے، اسے فوری طور پر روکا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کی کوششوں کیلئے عیدالاضحیٰ کو کشمیریوں کے نام کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی بھارتی مظالم کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں یو این مشن کے ساتھ کام کرنے پر رضامند ہے۔ اس حوالے سے بھارت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔