اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے بھارتی ناظم الامور کی ملاقات ویاناکنونشن اور پاکستانی قانون کے مطابق کرائی گئی، اس موقع پر تمام امور کی ریکارڈنگ بھی کی گئی۔
یہ بات انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہی، ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور دیگر جرائم میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے دی ہے، یہ رسائی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں فراہم کی گئی۔
بھارت کی جانب سے ان کے ناظم الامور نے کلبھوشن یادیو سے ملاقات کی، ملاقات ویانا کنونشن اور پاکستانی قانون کے مطابق کرائی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ قونصلر رسائی کا عمل دوپہر12بجے سے دو بجے تک جاری رہا، اس موقع پر حکومت پاکستان کے حکام بھی موجود تھے، بھارتی درخواست پر بات چیت کیلئے لینگویج کی پابندی نہیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات سے متعلق پاکستان نے تمام امور کی ریکارڈنگ بھی کی ہے، اس سلسلے میں شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکارڈنگ سے بھارت کو پیشگی آگاہ کردیا گیا تھا۔
دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے، ہم نے عالمی معاہدوں کے تحت بھارتی جاسوس کو قونصلر رسائی دی۔
واضح رہے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے گزشتہ روز بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشتگردی میں ملوث ہونے پر زیر حراست ہے۔