اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ڈائیلاگ میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کا ذمہ دار ہے ، پاکستان کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ڈائیلاگ میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہتا ہے، افغان حکام کے سامنے ہمارے مطالبات وہی پرانے ہیں کہ افغان حکام کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کریں جودہشتگردی میں ملوث ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کے حوالے سے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دورہ افغانستان حکومت پاکستان یادفتر خارجہ کی جانب سے نہیں، ان کو دورہ پر جانے سے پہلے دفتر خارجہ نےبریفنگ دی تھی، فضل الرحمان اپنے مرضی سے گئے ہیں حکومت پاکستان کی ترجمانی نہیں کررہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے دہشتگردی خطےکے تمام ممالک کیلئے خطرہ ہے، ایران میں دہشت گردی حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، افغانستان میں بھی دھماکے پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا۔
ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاراچنار فائرنگ اور مولانا مسعودعثمانی کے قتل کے واقعات کا وزارت داخلہ بہتر بتا سکتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل کوعالمی عدالت انصاف میں لے جانے کو سراہتا ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی اورفلسطینیوں کے قتل عام کورکوانے کا مطالبہ کرتا ہے۔