بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے: دفتر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 132 دن سے لاک ڈاؤن ہے۔ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی، افغانستان اور پاکستان کے مسائل پر بھی بات ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کی۔

ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے ڈپلومیٹک کور سے ملاقات کی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس سے قبل بریفنگ میں دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز اٹھا رہا ہے، او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ نہیں ہوگا تو مسئلہ بھی حل نہیں ہوگا۔ پاکستان کی کشمیر پالیسی اسی جگہ ہے جہاں تھی، کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں