اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، بھارت منظم طریقے سے اقلیتوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے سلامتی کونسل کے لیے الیکشن پر سوالیہ نشان ہیں، پاکستان جنرل اسمبلی کی صدارت کے لیے ترکی کے والکن بوزکر کو مبارک باد دیتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا رکھا ہے، اقوام متحدہ چارٹر کے تحت سلامتی کونسل کی عالمی امن و سلامتی کی ذمہ داری ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت منظم طریقے سے اقلیتوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور درندگی جاری ہے، 2 روز قبل 3 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا۔
قابض فوج نے نام نہاد آپریشن کے نام پر نہ صرف کشمیریوں کو شہید کیا بلکہ گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی، بھارتی فورسز نے احتجاج کرنے والے متعدد کشمیریوں کو گرفتار بھی کیا۔