القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیے گئے سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کے لیے پولی کلینک اسلام آباد میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیے گئے سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کے لیے پولی کلینک اسلام آباد میں سات رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
یہ سات رکنی میڈیکل بورڈ ڈاکٹر فرید اللہ شاہ میں تشکیل دیا گیا ہے جس میں شعبہ میڈیسن، ہڈی و جوڑ، امراض قلب، جنرل سرجری، پیتھالوجی کے ماہرین بھی شامل ہیں جب کہ سی سی ایم او پولی کلینک ڈاکٹر امتیاز احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے پول کلینک اسپتال سے رابطہ کرکے اسپتال انتظامیہ سے عمران خان کے طبی معائنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پولی کلینک انتظامیہ نے نیب کو تحریری درخواست دینے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد نیب نے باضابطہ طور پر اس کے لیے درخواست دی تھی۔