The news is by your side.

Advertisement

ماضی کی مایہ نازبھارتی اداکارہ’زینت امان‘ کی لاہورکے ثقافتی میلے میں شرکت

لاہور: ماضی کی معروف بولی وڈ اداکارہ زینت امان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے کیوں کہ قابلیت اور صلاحیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔

لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کیے گئے ایونٹ ’شان پاکستان- کیا دلّی کیا لاہور‘ کے افتتاح کے موقع پرزینت امان نے کہا کہ سیاست دانوں کے نظریات مختلف ہوتے ہیں لیکن میں ایک فنکار کی حیثیت سے بات کررہی ہوں۔

شانِ پاکستان نامی یہ ایونٹ 20 مارچ تا 22 مارچ جاری رہے گا، ایونٹ کے پہلے دن ہونے والے میوزیکل شو میں مائی ڈھائی اور اسرار، بھارتی بینڈ ’شیوم‘ اور مایہ ناز بھارتی گلوکار ’ریکھا بھردواج‘ شریک ہیں

ایونٹ میں نیوز کانفرنس کے دوران خوبصورت ماڈل اور اداکارہ زینت امان ، جنہیں 70 اور 80 کی دہائی کی بہترین اداکارہ مانا جاتا ہے، کاکہنا تھا ’اچھے لوگ ہندوستان اور پاکستان دونوں جگہ موجود ہیں اور میں ان کے درمیان ہم آہنگی اور امن کی دعاگو ہوں‘۔

اپنے پہلے دورہ لاہور کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا ’مجھے یہاں اس سے بہت پہلے آنا چاہیے تھا، لاہور نہایت خوبصورت شہر ہے اور یہاں کے لوگوں کے دل بہت بڑے ہیں، میں اندورن شہر کا دورہ کرنا چاہتی ہوں، پشاور سے تعلق رکھنے والے بہت سے اداکار ہماری فلمی صنعت کا حصہ ہیں اور تقسیم سے قبل لاہور بھی فلموں کا مرکز تھا، میں مکمل شہر بھی دیکھنا چاہوں گی‘۔

ان کا کہنا تھا ’دونوں ممالک میں ایک طرح کی موسیقی، ثقافت اور کاریگری دیکھی جاتی ہے، لیکن ہندوستانی لڑکیاں پاکستان کے فیشن کے پیچھے پاگل ہیں، میں نے بہت سارے کھاڈی کے شلوار قمیض خریدے ہیں‘۔

زینت امان کے والد اور کامیاب ترین فلم ’مغل اعظم‘ کے مصنف امان اللہ بھی واہگہ بارڈر کے ذریعے یہاں تشریف لائے۔ زینت امان کی ہندوستان واپسی 23 مارچ کو اس ایونٹ کے اختتام کے بعد متوقع ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں