کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق ڈی آئی جی آپریشنز کوئٹہ قاضی عبدالواحد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سابق ڈی آئی جی کوئٹہ قاضی عبدالواحد سریاب میں واقع اپنے گھر سے گاڑی میں بازار کی جانب جارہے تھے کہ عارف گلی پہنچنے پرنامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پراندھادھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ان کے چہرے اور سرپرگولیاں لگیں جن کے سبب قاضی عبدالواحد موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق سابق ڈی آئی جی کی نعش سول ہسپتال کوئٹہ پہنچادی گئی جبکہ حملہ آورفائرنگ کے بعد فرار ہونے میں با آسانی کامیاب ہوگئے۔
قاضی عبدالواحد صوبے کے مختلف علاقوں میں خدمات سرانجام دینے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز کوئٹہ تعینات ہوئے تھے اور 2014 میں ریٹائرہوئے تھے۔