تازہ ترین

شہباز شریف نے ہماری پرانی تقریر کاپی پیسٹ کرکے اقوام متحدہ میں پڑھی، شاہ محمود

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں ہماری پرانی تقریر کاپی پیسٹ کرکے پڑھی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے حوالے سے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان کو پوری شدت سے متاثر کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے اچھا کیا کہ اقوام متحدہ کے فورم پر سیلاب کی تباہ کاریوں اور ذمے داریوں سے دنیا کو آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر سن کر ایسا لگ رہا تھا کہ انہوں نے ہماری پرانی تقریر کا سہارا لیا اور اسے ہی کٹ اینڈ پیسٹ کرکے جنرل اسمبلی میں پڑھ دیا۔ دہشتگردی کے حوالے سے ہمارا موقف ہی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کیا۔ اسلامو فوبیا کی قرارداد ہم لے کر گئے تھے موجودہ حکومت نے خارجہ پالیسی پر ہماری حکمت عملی کی تائید کی۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہاں یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ ملک میں طویل عرصے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ہے، ان کی حکومتوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کیے جب کہ اب موجودہ اتحادی حکومت نے اس حوالے سے کیا اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنےکیلئے اقدامات اٹھائے تھے اور سابق وزیراعطم نے ہی عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کا ذکر کیا تھا۔

شاہ محمود نے کہا کہ عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بلین ٹری سونامی منصوبہ لگایا جس کو پوری دنیا میں سراہا گیا تھا۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان شروع سے کہتے ہیں جنگ مسائل کا حل نہیں اور انہوں نے ہمیشہ تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا ہے لگتا ہے کہ شہباز شریف نے ہماری کوئی پرانی تقریر اٹھا کر کٹ پیسٹ کا سہارا لیا ہے۔ تاہم اچھی بات ہے کہ موجودہ حکومت نے فارن پالیسی کے ہمارے نقاط کو فالو کیا اور عمران خان جن مسائل کا ذکر کرتے رہے ہیں شہباز شریف نے وہی دہرائے۔

Comments

- Advertisement -