لاہور : سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ بیرون ملک جانے کیلئے لاہورایئرپورٹ پہنچے تھے جہاں ایف آئی اے حکام نے انہی بیرون ملک جانے سے روک دیا، وہ بنکاک کے راستے سیئول جا رہے تھے۔
وسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روکے جانے کا واقعہ رات گیارہ بجے پیش آیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔
سابق وزیراعظم نے بیرون ملک جانے سے روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا مسلسل عدالتوں میں پیش ہوکر الزامات کا سامنا کررہا ہوں، دفتر خارجہ اور محکمہ داخلہ ان کے بیرون ملک دورے سے آگاہ تھے۔
ایف آئی اے امیگریشن نے سابق وزیراعظم کےساتھ آنے والے فیصل کریم کنڈی کونہیں روکا، جس کے بعد یوسف رضاگیلانی ائیرپورٹ سےواپس چلے گئے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ یوسف رضاگیلانی کوروکنابنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ان کے خلاف غیرقانونی اقدام کاازالہ کیاجائے۔
یاد رہے دسمبر 2018 میں حمزہ شہباز کو ایف آئی اے نے بیرون ملک جانےسے روک دیا تھا اور حمزہ شہباز غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سےآف لوڈ کیا گیا، وہ غیرملکی ایئرلائن کی پروازسے دوحہ جارہے تھے۔
خیال رہے حکومت کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت متعدد پی پی رہنماؤں کے نام جعلی اکاؤنٹس کیس میں ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے تھے جبکہ احتساب عدالت میں اشتہاری مہم کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب ریفرنس زیرسماعت ہے۔