سابق وزیر اعظم شہباز شریف لاہور سے لندن روانہ ہوگئے ہیں وہ نواز شریف سے ملاقات کریں گی جس میں ان کی وطن واپسی کے معاملے پر گفتگو ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کو ن لیگ پارٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے صاحبزادے سلیمان شہباز کے ہمراہ لاہور سے براستہ قطر لندن روانہ ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف لندن دورے کے دوران ن لیگ کے قائد اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے ملاقات کریں گے جب کہ ان کی وہاں پارٹی کے دیگر اہم رہنماؤں سے بھی ملاقات طے ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں لندن میں موجود سابق وفاقی وزرا اور ن لیگ کی لیگل ٹیم کی شرکت بھی متوقع ہے، ملاقات میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے اہم ترین موضوع اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی قانونی ٹیم نواز شریف کو ان کی وطن واپسی کے حوالے سے قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دے گی۔
واضح رہے کہ ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز ہی پارٹی کی لاہور قیادت کو لندن طلب کیا تھا جب کہ کئی اہم رہنما پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔
‘مسلم لیگ ن کو نواز شریف کی واپسی کے معاملے پر ’گارنٹی‘ مل گئی’
سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ گزشتہ دنوں اپنے ایک انٹرویو میں یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ن لیگ کو نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے گارنٹی مل گئی ہے۔