سڈنی: سابق آسٹریلوی امپائر ڈیرل ایئر نے دکان میں چوری کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جوئے کی لت نے انہیں برباد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی امپائر ڈیرل ایئر آسٹریلیا کے شہر اورنج میں چوری کے مرتکب پائے گئے۔ انہوں نے اس دکان میں چوری کی جہاں وہ کام کرتے تھے۔
ڈیرل ایئر نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 9 ہزارڈالر سے زیادہ رقم دکان سے چوری کی۔ انہوں نے عدالت میں دکان کے مالک سے معافی مانگتے ہوئے ساری رقم واپس کردی۔
سابق آسٹریلوی امپائر نے عدالت میں کہا کہ وہ جوئے کی لت کا شکار ہیں جس نے انہیں برباد کردیا ہے۔
عدالت نے ملزم ڈیرل ایئر کی 18 ماہ اچھے چال چلن کی ضمانت کرتے ہوئے کہا کہ سابق قومی امپائر نے اپنے ہاتھوں اپنی عزت ختم کرلی۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی امپائر ڈیرل ایئرنے 2006 میں انگلینڈ سے میچ کے دوران پاکستانی ٹیم پر بال ٹمپرنگ کا الزام لگایا تھا جس پر پاکستان نے کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈیرل ایئر 1992 سے 2008 کے دوران 78 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔