منگل, جولائی 14, 2026
اشتہار

عدت میں نکاح کیس کا تفصیلی فیصلہ آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ نے عدت میں نکاح کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا یکم جنوری 2018 کا نکاح غیر قانونی قرار دیا گیا۔

اڈیالہ جیل میں نکاح کیس کی سماعت جج قدرت اللہ نے کی تھی جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

50 صفحات پر مشتمل فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ یکم جنوری 2018 کا نکاح غیر قانونی ثابت کرنے میں کامیاب رہے، خاور مانیکا نے ثابت کیا شادی کی تقریب بدیانتی پر مبنی تھی، درخواست گزار نے یہ بھی ثابت کیا کہ فراڈ کی نیت سے نکاح ہوا۔

متعلقہ: بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا میں تلخ کلامی

فیصلے کے مطابق تنہائی میں ملاقاتوں سے متعلق خاور مانیکا کے بیان کی تردید نہیں کی گئی، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں آپس میں رابطے کی تصدیق کی، کیس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کے تحت جرم ثابت ہوتا ہے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ کیس میں وارنٹ آف کمٹمنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو جاری کیا جاتا ہے، سنائی گئی سزا سے گزرنے کیلیے دونوں مدعاعلیہان کو جیل میں رکھنے کا اختیار دیا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں عدت کا دورانیہ حتمی طور پر 39 دن مختص نہیں کیا گیا۔

اس میں کہا گیا کہ حقائق کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے دوسرا نکاح فروری 2018 میں کیا، اگر پہلا نکاح عدت میں نہ ہوتا تو دوسرا نکاح کبھی نہیں کیا جاتا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سپریم کورٹ فیصلے کا فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔

فیصلے کے مطابق یکم جنوری 2018 کو نکاح کے بعد خاور مانیکا کو عدت ختم ہونے سے پہلے رجوع سے محروم کیا گیا، خاور مانیکا کو اس عمل کے ذریعے اپنی بیوی سے محروم کر دیا گیا تھا جو بے ایمانی کا فعل تھا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے درمیان تعلقات کی شروعات سے ہی فراڈ تھا۔

گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں جج قدرت اللہ نے نکاح کیس کی سماعت کی تھی اور ساڑھے تیرہ گھنٹے طویل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

طویل سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 342 کا بیان قلمبند کروایا تھا۔ بشریٰ بی بی نے اپنے بیان میں چودہ نومبر دو ہزار سترہ کا طلاق نامہ من گھڑت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ سابق شوہر نے اپریل دو ہزار سترہ میں زبانی طلاق دی تھی، یکم جنوری دو ہزار اٹھارہ تک عدت پوری ہو چکی تھی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ خاور مانیکا کو پانچ سال گیارہ ماہ بعد شکایت یاد آئی، میاں بیوی کہہ رہے ہیں نیک نیتی کے ساتھ نکاح پڑھا۔

دوران سماعت بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اڈیالہ جیل میں موجود تھیں جبکہ گواہان، میڈیا نمائندگان اور عام لوگوں نے بھی کارروائی دیکھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں