پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کا فوری آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت نہیں چل سکتی۔
اے آر وائی نیوزکے مطابق اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف دفتر کے سامنے احتجاج درست تھا، علی امین گنڈاپور کو شہباز شریف کے ساتھ تصاویر نہیں بنوانی چاہئیے تھی، خدشہ ہے وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے فنڈز جاری نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں 3 کروڑ ووٹ تنہا ہماری جماعت کو ملے اور 3 کروڑ 17 جماعتوں کو ملے، آج الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوتی تو دھاندلی کا معاملہ ایک گھنٹے میں حل ہو جاتا، پاکستان میں ہونے والے انتخابات کا فوری آڈٹ کرایا جائے، ہماری معیشت ڈوب رہی ہے، اس وقت سخت ریفارمز کی ضرورت ہے، یہ حکومت نہیں چل سکتی۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس اسلیے چلایا جا رہا ہے کہ مجھے ضمانت ملے تو اس میں پھنسا لیں، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا سینیٹ الیکشن میں پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا آج تک کیس نہیں چل سکا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینے سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہے، سیاسی استحکام تب ہی ہو گا جب عوام کو اس کا چوری ہونے والا مینڈیٹ واپس کیا جائے گا، الیکشن کمیشن، مسلم لیگ ن اور باقی ملے ہوئے تھے اس لئے اُن پر اعتماد نہیں، اٹک جیل میں برے حالات تھے، بہت سختی کی گئی اور زمین پر سلایا گیا۔