اسکردو : براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے لاپتہ ہونے والے 10 میں سے 4 کوہ پیماؤں کی لاشیں مل گئیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والے 10 بین الاقوامی کوہ پیماؤں میں سے 4 کی لاشیں تلاش کر لی گئیں تاہم لاپتہ ٹیم کے دیگر ارکان کو کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔
گزشتہ روز ایک بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم براڈ پیک کو سر کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ اچانک ایک بڑا برفانی تودہ گرنے سے اس کی زد میں آ گئی۔
اس مہم جو ٹیم میں امریکہ، نیپال، عمان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما شامل تھے، جن میں معروف پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی قراقرم کی چوٹی پر سرچ اینڈ ریسکیو مشن کا آغاز کیا گیا، جس کی قیادت پاکستان کے مایہ ناز اور معروف کوہ پیما سرباز خان کر رہے ہیں، اب تک 10 میں سے 4 کوہ پیماؤں کی لاشیں مل گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ باقی لاپتہ کوہ پیماؤں کا سراغ لگایا جا سکے۔ تاہم، شدید سردی اور بلندی پر برفانی صورتحال کے باعث سرچ مشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری ریسکیو آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام اور شگر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاک آرمی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سےتلاش اور امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔


