اتوار, جولائی 19, 2026
اشتہار

خانیوال: کار پر اندھا دھند فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

خانیوال : نیازی چوک کے قریب کار پر فائرنگ کار کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے، مقتولین پیشی کے سلسلے میں ملتان جا رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق خانیوال میں نیازی چوک کے قریب دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں کار پر اندھا دھند فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولین کچا کھوہ کے نواحی علاقے ’30 دس آر’ کے رہائشی تھے اور قانونی پیشی کے سلسلے میں کار پر سوار ہو کر ملتان جا رہے تھے، جیسے ہی ان کی گاڑی نیازی چوک کے قریب پہنچی، پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے کار کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ اتنی شدید تھی کہ کار میں سوار چاروں افراد کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

مقتولین کی شناخت عبد المجید خان ، اسماعیل خان، ہدایت اللہ خان اور ذکاء اللہ خان کے ناموں سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او خانیوال سمیت پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو سیل کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی ہے۔

جائے وقوعہ سے فرانزک ٹیموں نے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں