پشاور: خیبر پختونخوا میں مارخور ٹرافی ہنٹنگ کے 4 پرمٹس کی بولیاں 12 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں مارخور ٹرافی ہنٹنگ سیزن 2026-27 کے لیے چار پرمٹس کی مجموعی کامیاب بولیاں 12 لاکھ 11 ہزار 800 ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سیزن کے مقابلے میں 28.1 فیصد زیادہ ہیں۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق گزشتہ سیزن 2025-26 میں مارخور ہنٹنگ پرمٹس کی مجموعی بولی 9 لاکھ 46 ہزار ڈالر رہی تھی، جبکہ رواں سیزن میں ٹرافی ہنٹنگ سے زیادہ آمدن متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق توشی شاشہ ٹو، چترال کے پرمٹ کے لیے سب سے زیادہ 3 لاکھ 35 ہزار ڈالر کی بولی موصول ہوئی، جبکہ توشی شاشہ ون، چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر میں حاصل کیا گیا۔
گہریت، چترال کے مارخور ہنٹنگ پرمٹ کے لیے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی سب سے زیادہ بولی لگائی گئی، جبکہ کیگاہ ویلی، کوہستان کے پرمٹ کی بولی 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر تک پہنچ گئی۔
FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS
وائلڈ لائف حکام کے مطابق وائلڈ سائیڈ ہنٹنگ نے سیلڈ بولی کے ذریعے چار میں سے تین پرمٹس حاصل کیے، جبکہ گہریت، چترال کے پرمٹ کے لیے ایم ایس زون سفاریز نے سب سے زیادہ بولی دی۔
مارخور ٹرافی ہنٹنگ کے پرمٹس کی بولی کا عمل پشاور میں چیف کنزرویٹر کے دفتر میں مکمل کیا گیا، جہاں بولی میں شریک آؤٹ فٹرز کے کال ڈپازٹس اور دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی مکمل کرلی گئی۔
حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 20 فیصد صوبائی حکومت جبکہ 80 فیصد مقامی آبادی کو دیا جائے گا۔


