کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات لیاقت آباد کے علاقے میں واقع 4 منزلہ ایک عمارت منہدم ہو گئی، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، معلوم ہوا ہے کہ عمارت نے بارش کے بعد اپنی جگہ چھوڑ دی تھی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب عمارت گر گئی، بارش کے بعد عمارت اپنی جگہ چھوڑ چکی تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مخدوش ہونے پر عمارت کل صبح ہی خالی کرا لی گئی تھی اور اس کے اطراف کو سیل کر دیا گیا تھا، منہدم ہونے والی عمارت 60 گز پر بنائی گئی تھی، جب کہ اس میں 5 بھائی رہائش پذیر تھے۔
عمارت زمین بوس ہونے سے اطراف کی 2 عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، متاثرہ افراد نے شکایت کی ہے کہ کوئی ان کی مدد کے لیے نہیں پہنچا ہے، جو جمع پونجی تھی تباہ ہو گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاری، مولوی عثمان پارک کے قریب ایک رہائشی عمارت کا چھجہ گر گیا تھا، اس حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے سِول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ چھجہ گرنے سے عمارت میں لوگ پھنس گئے تھے جنھیں بہ حفاظت نکالا گیا، متاثرہ عمارت میں 8 سے زائد خاندان رہائش پذیر ہیں۔