کھٹمنڈو : ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاکستانی عبدالجبار کو ریسکیو کرلیا گیا، عبد الجبار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیمپ تین سے کیمپ ٹو منتقل کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کی بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل عبدالجبار بھٹی کو ریسکیو کرلیا گیا ہے، جس کے بعد انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیمپ تین سے کیمپ ٹو منتقل کیا گیا، آروائی نیوز نے عبدالجبار کو ریسکیوکرنے کی فوٹیج حاصل کرلی ہے ۔
عبدالجبار کو ریسکیو کرنے کے بعد کٹھمنڈو منتقل کیا جائے گا، عبدالجبار ماؤنٹ ایورسٹ سرکرنے کے بعد شدید بیمار ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں : پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل عبدالجباربھٹی نے ماؤنٹ ایورسٹ سرکرلی
یاد رہے کہ کرنل (ر) عبدالجبار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤ نٹ ایورسٹ سر کرنے والے چوتھے پاکستانی ہیں۔
کرنل (ر) عبدالجبار کئی ہفتوں سے نیپال میں تھے انہوں نے 16 مئی کو بیس کیمپ سے ماؤ نٹ ایونٹ سر کرنے کیلئے اپنی مہم کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد عبدالجبار بھٹی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤ نٹ ایورسٹ سر کی۔
اس سے قبل عبدالجبار پاکستان میں براڈپیک،گشہ بروم ٹو،سپنگٹیک بھی سرکرچکے ہیں ۔
واضح رہے اس سے قبل نذیر صابر،حسن سدپارہ اور ثمینہ بیگ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرچکے ہیں، نذیر صابر نے 2000 میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کے فاتحین میں اپنا نام شامل کرایا تھا۔ وہ پاکستان کے پہلے کوہ پیما بنے تھے جس نے یہ کارنامہ انجام دیا ہو۔
اس کے بعد حسن سدپارہ نے 2011 اور ثمینہ بیک نے 2013 میں ایورسٹ کی بلندترین چوٹی سر کی تھی۔