اسلام آباد: شہر اقتدار سے فراڈکے100سےزائدمقدمات میں مطلوب2 اشتہاری ملزم گرفتار کرلیے گئے، دونوں ملک کے کئی شہروں میں وارداتیں کرچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان درحقیقت ایک مرد اور خاتون پر مشتمل جوڑا ہے جن کے نام شیخ رؤف اور صوفیہ صدیقی بتائے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شیخ رؤف اسلام آباد میں ایف الیون گولڈن ہایٹس کے نزدیک اپنی ساتھی صوفیہ صدیقی پر تشددکررہاتھا ، قریب ہی موجود کسی شخص نے یہ صورتحال دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔
لڑکی پر تشدد کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی تو حراست میں آنے کے بعد دونوں ملزمان نے ایک دوسرے کے کرتوت از خود پولیس کو بتانا شروع کردیے۔
ملزمہ صوفیہ صدیقی نے بیان دیا کہ شیخ رؤف جعلی نکاح نامہ بنا کر وارداتیں کرتا تھا اور ان وارداتوں میں اسے ساتھ رکھا کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دونوں میاں بیوی پولیس کو سنگین جرائم میں مطلوب ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمہ صوفیہ صدیقی اورشیخ عبدالرؤف پرکراچی میں50مقدمات ہیں،ملزمان پرلاہورمیں 15اوردیگرشہروں میں بھی مقدمات درج ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا نوسربازی سمیت دیگرسنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ، ملزمان نےاسلام آبادمیں بھی وارداتیں کی ہیں جن کی تفتیش جاری ہے۔