شہداد کوٹ : سندھ بھر میں 2 لاکھ 75 ہزار گھرانوں کو مفت سولر دینے کا آغاز کردیا گیا، جس سے کم آمدنی والے خاندانوں کے بجلی کے اخراجات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے صوبے کے 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کے فیز ٹو کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
افتتاحی تقریب قمبر شہداد کوٹ میں منعقد ہوئی، جہاں نثار کھوڑو نے مستحق خاندانوں میں سولر کٹس تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہر گھر کو شمسی توانائی سے روشن کرنے کا ویژن پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت سندھ بھر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 75 ہزار گھرانوں کو سولر پینلز دیے جائیں گے، صرف ضلع قمبر شہداد کوٹ میں 10 ہزار سولر کٹس تقسیم کی جائیں گی۔
سرکاری اسکیموں کے حوالے سے خبریں
رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ بجلی کی سہولت سے محروم 247 گھرانوں کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے، جن میں سے 100 خاندانوں کو تقریب کے دوران سولر کٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔
نثار کھوڑو نے بحالی کے کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سندھ بھر میں سیلاب سے متاثرہ 21 لاکھ افراد کو نئے گھر بنا کر دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بلاول بھٹو نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خود سندھ آنے کی دعوت دی تھی تاکہ وہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا بچشمِ خود مشاہدہ کر سکیں۔
معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما نے کہا کہ عالمی جنگی حالات کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، توانائی کا بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب آدمی پر بوجھ بڑھا دیا ہے، ایسے میں سندھ حکومت مفت سولر کٹس دے کر کم آمدنی والے خاندانوں کے بجلی کے اخراجات کم کرنے میں مدد کر رہی ہے۔


