بدھ, مارچ 11, 2026
اشتہار

ملک گیر ہڑتال : فیکٹریوں، گوداموں اور بندرگاہوں سے لوڈنگ ان لوڈنگ اورمال کی ترسیل بند

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گرینڈ ٹرانسپورٹ الائنس پاکستان کی ملک گیر ہڑتال کے بعد فیکٹریوں، گوداموں اور بندرگاہوں سے لوڈنگ ان لوڈنگ اورمال کی ترسیل بند کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرینڈ ٹرانسپورٹ الائنس پاکستان کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کے نتیجے میں ماری پور سمیت مختلف ٹرک اسٹینڈز پر مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں اور فیکٹریوں، گوداموں اور بندرگاہوں سے مال کی لوڈنگ، ان لوڈنگ اور ترسیل مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔

صدر امداد نقوی کا کہنا ہے کہ جب تک ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، ٹرانسپورٹ کا پہیہ بند رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف حصوں میں ڈرائیوروں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے اور موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں تبدیلیاں کرکے ہیوی ٹرانسپورٹ پر سختیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

امداد نقوی نے مطالبہ کیا کہ ڈرائیوروں کو ایچ ٹی وی لائسنس فراہم کیا جائے اور ملک کی تمام قومی شاہراہوں پر ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی کے موبائل یونٹس تعینات کیے جائیں تاکہ موقع پر لائسنس جاری کیا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تمام صوبوں کی جاری کردہ فٹنس کو تسلیم کرے اور معیاری ڈیزل درآمد کیا جائے تاکہ ہیوی گاڑیوں سے دھوئیں کی شکایت نہ آئے جبکہ فٹنس اور روٹ پرمٹ کو سینٹرالائز کیا جائے۔

امداد نقوی نے خبردار کیا کہ اگر حکومت ان مطالبات پر عمل نہیں کرتی تو ہڑتال جاری رہے گی، جس سے ملک بھر میں مال برداری اور ترسیل متاثر ہوگی۔

اہم ترین

مزید خبریں