اسلام آباد : دفاتر میں ہفتہ وار جمعہ کی چھٹی اور ورک فرام ہوم کی سہولت ختم کردی گئی اور ورکنگ ڈے میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عید الاضحیٰ کی تیاریوں کے حوالے سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلے کیے ہیں۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایک باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے اپنے انجینئرنگ ونگ کے افسران اور عملے کے لیے جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے اور گھر سے کام کرنے کی سہولت واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔
انجینئرنگ ونگ اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک سگنلز، سڑکوں کی مرمت اور اسٹروم واٹر ڈرینیج سسٹم جیسے اہم عوامی کاموں کا ذمہ دار ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ان ضروری خدمات کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے عملے کی کل وقتی موجودگی ناگزیر ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں عید الاضحیٰ 2026 کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
انتظامیہ نے شہر کے مختلف حصوں میں 6 سرکاری مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں پارکنگ، پینے کے صاف پانی، بجلی اور صفائی کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ جانوروں کی خرید و فروخت صرف منظور شدہ منڈیوں میں ہوگی۔ سڑکوں کے کنارے غیر قانونی طور پر لگنے والی منڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے بیوپاریوں کی سہولت کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


