دہشت گردی سے متاثرہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادا کی گئی شہید امام مسجد کے بھائی نے امامت کرائی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دہشتگردی کی بڑی واردات سے متاثرہ پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کر دی گئی جس میں پولیس کے اعلیٰ حکام اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جمعہ خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے امام مسجد کے بھائی کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز کے بعد امام مسجد نے دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔
نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں امام مسجد سمیت 80 سے زائد افراد شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
مذکورہ خودکش دھماکے کی نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بھرپور مذمت کی گئی۔ امریکا، برطانیہ، اقوام متحدہ، یورپی یونین، سعودی عرب، یو اے ای نے پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔
دوسری جانب سانحہ پشاور کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 7 فروری کو کُل جماعتی کانفرنس بلا لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ‘کل جماعتی کانفرنس ‘ بلالی، عمران خان کو بھی دعوت
منگل 7 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔