کراچی (6 مئی 2026): سندھ حکومت نے ماہی گیروں کیلیے 51 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فیول سبسڈی پیکج کی منظوری دے دی۔
رکن قومی اسمبلی سید آغا رفیع اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملاقات میں چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ماہی گیروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا، انہوں نے اسی وقت ہدایات جاری کی تھیں، سبسڈی پیکج کی منظوری پر ان کا اور سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں کراچی، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں ماہی گیروں کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنے کیلیے 515 ملین روپے کے فیول سبسڈی پیکج کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ ایک مرتبہ دی جانے والی ادائیگی ہوگی جو دو ماہ کے ایندھن کے اخراجات کو پورا کرے گی کیونکہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مچھلی کی پیداوار میں 20 فیصد کمی آئی ہے اور ہزاروں افراد کا روزگار متاثر ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورنگی فشریز ہاربر پر چھوٹے ماہی گیروں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان
اسکیم کے تحت 9634 رجسٹرڈ کشتیوں کو ہدفی معاونت فراہم کی جائے گی جس میں چھوٹے پیمانے اور ساحلی آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
18 سے 24 فٹ لمبی 2331 چھوٹی کشتیوں (20 ہارس پاور آؤٹ بورڈ انجن) کو فی کشتی 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے جس کیلیے مجموعی طور پر 466.2 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
10 سے 15 فٹ کی 488 کشتیوں (5 تا 10 ہارس پاور انجن) کو فی کشتی ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے جس کی مجموعی لاگت 28.8 ملین روپے ہوگی۔
وزیر ماہی گیری محمد علی ملکانی نے کابینہ اجلاس میں بتایا کہ شفافیت اور آڈٹ کی پابندی کو یقینی بنانے کیلیے سبسڈی ڈیجیٹل طریقے سے ادا کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میرین یا کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی (کے ایف ایچ اے) کے ساتھ آن لائن رجسٹریشن کریں گے جس کے بعد تصدیق ہونے پر رقم براہِ راست کشتی مالکان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، اس عمل کی نگرانی محکمہ لائیو اسٹاک و فشریز کی مشترکہ کمیٹی کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


