اسلام آباد: جرمنی میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالر شپ کا اعلان کردیا، پاکستانی طلبہ 31 اگست تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس (DAAD) نے سال 2027 کے لیے پی ایچ ڈی اور ڈاکٹریٹ اسالرشپس کی باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
جرمن وفاقی وزارتِ خارجہ کے تعاون سے فراہم کی جانے والی یہ اسکالرشپ بین الاقوامی اور پاکستانی طلبہ کو جرمنی کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں سے مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
تعلیمی مراعات اور الاونسز
کامیاب امیدواروں کو مکمل تعلیمی اخراجات کے ساتھ مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس میں ماہانہ 1,400 یورو وظیفہ ، انشورنس: صحت، حادثاتی اور پرسنل لائبلٹی انشورنس ، 460 یورو سالانہ الاؤنس اور سفری اخراجات کی مد میں رقم شامل ہیں۔
دیگر سہولیات میں جرمن زبان سیکھنے کی فیس، رہائش کی سبسیڈی، اور خاندانی الائونسز بھی شامل ہیں۔
اہلیت کا معیار
درخواست دہندگان کے پاس ماسٹرز یا اس کے مساوی اعلیٰ تعلیمی ڈگری کا ہونا ضروری ہے (غیر معمولی کیسز میں بیچلرز ہولڈرز بھی اہل ہو سکتے ہیں)۔
مزید برآں، امیدوار کی جرمنی میں رہائش درخواست کی آخری تاریخ تک 15 ماہ سے زیادہ نہ ہو اور اس کے پاس اپنی تحقیق کی منظوری اور زبان کی مہارت کا ثبوت ہو۔
درخواست کا طریقہ کار اور آخری تاریخ
امیدواروں کو کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد ریسرچ پروپوزل، تعلیمی اسناد، سی وی ، موٹیویشن لیٹر اور سفارش نامے اپ لوڈ کرنا ہوں گے۔
پاکستان کے لیے آخری تاریخ 31 اگست 2026 جبکہ دیگر ممالک کے لیے آخری تاریخ 21 اکتوبر 2026 رکھی گئی ہے۔
ڈی اے اے ڈی انتظامیہ نے پاکستانی طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ طے شدہ آخری تاریخ 31 اگست سے قبل اپنی آن لائن درخواستیں مکمل جمع کروائیں۔


