وہاڑی: کرنل سہیل عابد عباسی شہید کی نماز جنازہ وہاڑی میں ادا کردی گئی، شہید کرنل سہیل کے والد کا کہنا ہے کہ مجھے اور میرےخاندان کو بیٹے کی قربانی پر فخر ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے وہاڑی کے عظیم سپوت شہید کرنل سہیل عابد عباسی کے نماز جنازہ وہاڑی میں آبائی گاؤں91 ڈبلیو بی ادا کردی گئی۔
جس میں ان کے عزیز و اقارب، پاک فوج اور سول افسران اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی سی ون تھرٹی پراسلام آباد روانہ کردیا گیا، تدفین اسلام آباد کےنواحی گاؤں بوگڑی گراں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ہوگی۔
اس سے قبل جب شہید کرنل سہیل عابد کا جسد خاکی پاکستانی پرچم میں لپیٹا آبائی گاؤں91 ڈبلیو بی پہنچا تو رقت آمیزمناظر دیکھنے میں آئے، جسدخاکی پہنچتے ہی علاقہ مکینوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے، شہید کرنل سہیل کے آخری دیدار کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
شہید کرنل سہیل عابد عباسی بلوچستان کے کچے کے علاقے میں اپریشن ردالفساد کے انچارج تھے، ان کے پسماندگان میں بیوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
اعلی کارکردگی کی بنیاد پر سابق آرمی چیف جرنل راحیل شریف نے شہید کرنل سہیل عابد عباسی کو حسن کارکردگی کا ایوارڈ دیا تھا۔
کرنل سہیل عابد شہید کے خاندان میں ملک و قوم کی خاطر یہ تیسری شہادت ہے، اس سے قبل ان کے داد صوبیدار میجر راجا احمد حسین عباسی نے جنگ عظیم دوم میں مصر میں شہادت حاصل کی تھی جبکہ چچا کیپٹن ظفر اقبال عباسی نے 1949میں کشمیر کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا اور حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہ جرات کا اعزاز حاصل کیا۔
حکومت پاکستان نے وہاڑی کے قریبی ریلوے اسٹیشن کا نام ظفر اقبال کے نام سے منسوب کررکھا ہے، کیپٹن ظفر اقبال شہید ستارہ جرات حاصل کرنیوالے پہلے پاکستانی شہید ہیں۔
میرے بیٹے نے ملک و قوم کی خاطر جان کی قربانی پیش کی ہے جس پر مجھے اور میرے خاندان کو فخر ہے, والد کرنل سہیل عابد شہید
کرنل سہیل عابد شہید کے والد راجہ عابد حسین عباسی کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے نے ملک و قوم کی خاطر دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جان کی قربانی پیش کی ہے جس پر مجھے اور میرے خاندان کو فخر ہے۔
شہید کے بھائی راجہ شہزاد حسین کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو ہمیں اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے اور دوسری طرف اسکی جوانی کی حالت میں ہم سے جدائی پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
ماموں راجہ فدا حسین کا کہنا ہے کہ ہمارے خاندان کو شہیدوں کے وارث ہونے کا فخر حاصل ہے، بھانجے نے قوم کا سراونچا کردیا۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں کارروائی: دو خودکش بمبار سمیت 3دہشت گرد ہلاک، ایک کرنل شہید
یاد رہے کہ گذشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سو سے زائد افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد اور دو خود کش بمباروں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ دہشت گردوں سے مقابلے میں ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید ہوگئے تھے۔