مظفرآباد میں آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداکی نماز جنازہ ادا کردی گئی اور شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں گزشتہ روز آرمی ایوی ایشن کے ایم آئی-17 (Mi-17) ہیلی کاپٹر حادثے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے غازی افسران اور جوانوں کی نمازِ جنازہ مظفرآباد میں پورے عسکری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔
شہدا کی نمازِ جنازہ میں قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر ، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر ، کور کمانڈر راولپنڈی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،
نمازِ جنازہ کے موقع پر فضا سوگوار تھی اور شرکا نے وطنِ عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کے جسدِ خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور روایتی عسکری سلامی دی۔
حکام کا کہنا تھا کہ تمام شہدا کے جسدِ خاکی کو ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی تدفین پورے فوجی اعزاز و وقار اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ کی جائے گی۔


