گڈاپ سٹی میں فیملی کی تصویر بنانے کی غلط فہمی پر مسلح افراد نے شہری پر حملہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق متاثرہ شہری نے گڈاپ سٹی تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کروادیا جس میں خاتون اور نامعلوم مسلح افراد پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ پارک میں اہلخانہ کے ساتھ موجود تھا، اہلیہ اور بچوں کی تصاویر بنا رہا تھا اس دوران خاتون آئی اور گالم گلوچ کرنے لگی، خاتون نے بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر اعتراض کیا۔
متاثرہ شہری کے مطابق اسی دوران ایک اور خاتون نے کوئی چیز ماری جس پر میں زمین پر گر گیا، خاتون نے کسی کو فون کیا تو مسلح افراد موقع پر پہنچ گئے۔
شہری کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
متاثرہ شہری نے درخواست میں قیمتی موبائل فون چھیننے کا بھی الزام لگایا ہے، شہری نے خاتون اور نامعلوم مسلح افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


