ممبئی(15 اکتوبر 2026): نیٹ فلکس نے نامور اداکار منوج باجپائی کی نئی کرائم تھرلر فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ فلم 23 اکتوبر 2026ء کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی جائے گی۔
اداکار منوج باجپائی کی اس فلم کا نام پہلے ‘گھوس خور پنڈت’ رکھا گیا تھا، تاہم شدید تنازع اور اعتراضات کے بعد سازندگان نے اس کا نام تبدیل کر کے ’غضب رات‘ رکھ دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے نیٹ فلکس نے لکھا کہ ’سچ سامنے لانے کے لیے متعدد کہانیاں، کئی کردار اور صرف ایک رات، دیکھیے غضب رات 23 اکتوبر کو صرف نیٹ فلکس پر۔‘
View this post on Instagram
ٹریلر میں کیا دکھایا گیا ہے؟؟
فلم کا ٹریلر ایک سسپنس سے بھرپور کرائم تھرلر کی عکاسی کرتا ہے جس کی پوری کہانی صرف ایک رات کے واقعات اور آپس میں جڑے مختلف کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔ منوج باجپائی فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ دیگر نمایاں کاسٹ میں اکشے اوبرائے، ثاقب سلیم، طبع دتہ، نصرت بھروچا، کیکو شاردا اور شردھا داس شامل ہیں۔
نام کیوں تبدیل کیا گیا؟
فلم کا اصل نام ’گھوس خور پنڈت‘ رواں سال فروری میں سامنے آیا تھا جس پر برہمن برادری کی جانب سے شدید اعتراضات اٹھائے گئے اور اسے توہین آمیز قرار دیا گیا۔معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ نیٹ فلکس اور فلم سازوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی اور فلم پر پابندی کے لیے درخواست بھی دائر کر دی گئی۔
تنازع کے بعد پروموشنل مواد ہٹا لیا گیا تھا اور فلم سازوں نے نام تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس کے بعد اب اسے ‘غضب رات’ کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے۔
فلم ’غضب رات‘ کو نامور فلم ساز نیرج پانڈے نے پروڈیوس کیا ہے جو اے ویڈنسڈے، اسپیشل 26 اور بیبی جیسی بہترین سسپنس اور کرائم تھرلر فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ریتیش شاہ نے انجام دیے ہیں۔


