گوجرہ: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرہ میں مسلح افراد نے خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرہ کے نواحی علاقے میں 2 مسلح افراد شوہر کے ساتھ جانے والی خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ اپنے خاوند کے ساتھ سدھار سے ٹوبہ ٹیک سنگھ جارہی تھی، 2 ملزمان نے روک کر تشدد کیا اور مجھے زبردستی جنگل میں لے گئے۔
متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان نے اسلھے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور وہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ڈی پی او گوجرہ کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میاں چنوں کے تھانہ چھب کلاں کے نواحی علاقے میں پانچویں جماعت کی طالبہ کو کزن نے اسلحہ کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، لڑکی کی حالت غیر ہونے پر ملزمان فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق طالبہ کو والدین کی عدم موجودگی پر عثمان نامی کزن بہلا پھسلا کر ایک خالی مکان میں لے گیا جہاں حاجی نامی شخص نے پستول تان لیا اور ملزم نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
لڑکی کی حالت غیر ہونے پر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔