کراچی: سرعام ٹیم نے جیتو پاکستان کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے والے نوسرباز گروہ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا اور انہیں پکڑ کر مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جیتو پاکستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کچھ نوسربازوں نے عوام کو موبائل پر جھوٹے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا، جس میں انعام اور پروگرام میں شرکت کی نوید سنائی جاتی تھی۔
عوام کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہونے کے بعد سرعام ٹیم کے سربراہ اقرار الحسن نے اس نوسرباز گروہ کے خلاف کارروائی کرنے کا عزم کیا اور اپنے نمائندوں کے ذریعے نوسربازوں کی ویڈیوز بنوا کر اُن کے خلاف قانونی کارروائی کی۔
نوسرباز گینگ مختلف موبائل نمبر پر ایک پیغام ارسال کرتے جس میں جیتو پاکستان میں انعام نکلنے اور اس میں شرکت کی نوید سنائی جاتی تھی‘ عوامی پذیرائی حاصل کرنے والے پروگرام میں ہر شخص شرکت کی خواہش رکھتا ہے اس لیے کچھ لوگ ان نوسربازوں کے ہاتھوں پھنس جاتے۔
نوسرباز گروہ میسج پر کال کرنے والے سادہ لوح عوام کو سوہانے خواب دکھاتے اور اُن سے باتوں باتوں میں ایزی پیسہ کے ذریعے رقم بھیجنے کا کہتے تھے، پروگرام میں شرکت کرنے کی خاطر عوامی کی بڑی تعداد ان کے جھانسوں میں آگئی اور پیسوں سے ہاتھ دھونے پڑے۔
سرعام کی ٹیم نے جیتو پاکستان کے حوالے سے ملنے والے میسج پر کال کی اور کارروائی کا آغاز کیا، سرعام کے ممبران نو سرباز گروہ سے ملے اور اپنے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اُن کی خفیہ ویڈیوز بنا کر بھی لائے۔
نیو لاہور کی پولیس نے سرعام ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے نواحی گاؤں سے نوسرباز گروہ کے تمام افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، گرفتار ہونے والے ایک ملزم نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پہلے ہی ہزاروں روپے کمائے ہیں۔