کراچی: ایئرپورٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر نے طیاروں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کوخطوط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر طیاروں کیلئے خطرہ بن گئے، جس کے باعث ایئر پورٹ کے اطراف طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات ہونے لگے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو قصور وار ٹھہرا دیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کو خطوط لکھ دیے ہیں ، خط میں کہا گیا پرندوں کے ٹکرانےسےجہازوں کونقصان ہورہا ہے اور پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ رہائشی آبادی، شادی ہالز کا کچرا ایئرپورٹ کے اطراف پھینکا جاتا ہے، ضلعی انتظامیہ صفائی کے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
خیال رہے آج اسلام آباد سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے301حادثے سے بال بال بچ گئی تھی ، لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکراگیا، جس کے باعث پی آئی اے کے ایئربس 320طیارے کو نقصان پہنچا تاہم کپتان نے طیارے کو باحفاظت کراچی ایئرپورٹ اتار لیا۔
گذشتہ روز بھی کراچی سے لاہور پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 بڑے حادثے سے بچ گئی تھی ، ایئربس 320 کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تھا ، جس کے باعث بی ایم ایکس رجسٹریشن کے حامل طیارے کے انجن کو نقصان پہنچا تھا۔